لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے کھلاڑیوں کے بریانی کھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ایم ڈی پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ایک نیا فٹنس کوچ رکھا جائے گا۔ یہ کوچ کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی خوارک پر بھی سخت نظر رکھے گا۔ کھلاڑی صرف وہ پکوان کھا سکیں گے جو فٹنس کوچ کی جانب سے بتایا جائے گا۔پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ مکی آرتھر کی رپورٹ کی روشنی میں لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالیہ نشان ہے جبکہ ٹیم کی فیلڈنگ بھی مسلسل اسی باعث تنزلی کا شکار ہوئی ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار اور فیلڈنگ کا معیار بہتر کیا جائے گا۔مکی آرتھر کی تجاویز کے بعد پی سی بی نے اس حوالے سے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان قومی ٹیم میں ڈسپلن کا بھی مزید بہتر بنانے کیلئے جلد نئی ہدایات جاری کر سکتے ہیں۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان قومی کرکٹ ٹیم کے کلچر کو مزید بہتر کرنے اور قومی کرکٹ ٹیم کو ایک باقاعدہ پروفیشنل اور عالمی معیار کی ٹیم بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔