اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق کے رہنماء لالہ افضل نے کہا ہے کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا ،مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نے جتنے بھی مظالم ڈھائے ہیں ایک ایک کا حساب اسے چکاناہوگا ،بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی کے باعث 16افراد شہید اور اسی طرح 105سے زائد زخمی ہوئے ہیں ایل او سی پر کلسٹر بموں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یہ بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتاثبوت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سینئر عہدیدار ساجد شاہ اور پارٹی کے دوسرے کارکن بھی بڑی تعداد میںموجود تھے ۔ لالہ افضل کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کوجمہوریت کادعویدارکہلانے والا درحقیقت بغل میں چھری رکھتا ہے کلسٹر بموں سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے نام نہادجمہوریت دعویدار ی کی قلعی کھل چکی ہے پوری دنیا میں بھارت بے نقاب ہوچکا ہے ،ایک نہ ایک دن بھارت کاحال سوویت یونین جیسا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری عوام کو اپناغلام نہیں بناسکتا ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد کامقصد ہندوستان سے آزادی ہے جس کے لئے مقبوضہ کشمیر میں جتنی بھی تحاریک چل رہی ہیں سب کاایک ہی ماٹو ہے کہ ’’بھارت سے آزادی‘‘ ۔ اس موقع پر پارٹی رہنماء ساجد شاہ نے کہاکہ اگربھارت نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو عنقریب اس کاحال سویت یونین (روس)جیسا ہوگا، جو ٹکڑے ٹکڑے ہوا ،بھارت کامکروہ چہرہ آج پوری دنیا میں بے نقاب ہوچکاہے ۔سیزفائر پرسرعام شہریوں کونشانہ بنایاجائیگا ،بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا ۔