میرپورخاص :حیسکو اورشہریوں کا نمائندہ اجلاس ‘شکایتوں کے انبار

Aug 05, 2020

میرپورخاص(بیورورپورٹ) ایم پی اے سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے حیسکو اور شہریوں کے نمائندوں کے درمیان منعقد ہونے والے اجلاس میں حیسکو کے خلاف شکایتوں کے انبار لگ گئے، حیسکو کی جانب سے شکایات کو حل کرنے کی روایتی تسلیاں، اجلاس میں حیسکو شکایات کے ازالے کیلئے تعلقہ اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جل جانے کی وجہ سے کئی کئی دن بجلی کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کی جانب سے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ نے حیسکو کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا جس پر صوبائی وزیر امتیاز شیخ،حیسکو چیف اور ایم پی اے سید ذوالفقار علی شاہ کے درمیان ہونے والی مشاورت کے بعد حیسکو حکام اور شہری نمائیندوں کے درمیان اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس سلسلے میں دربار ہال میں سید ذوالفقار شاہ کی صدارت میں اجلاس منعقد کیا گیا جس میں حیسکو کے ایس ای اقبال بڑیچ، ڈیپٹی کمشنر زاہد حسین میمن، ایس ایس پی فیصل بشیر میمن،ایکسین میرپورخاص افتخار سومرو،چیئرمین بلدیہ کامران شیخ، ٹاون کمیٹی ہنگورو کے چیئر مین میر علی رضا تالپور،ضلعی امن کمیٹی کے مولانا حفیظ الرحمان فیض،واحد حسین پہلوانی،جماعت اسلامی کے حاجی نور الہی مغل، عاصم شیخ، مسلم لیگ فنکشنل کے مبارک مہر، تاجر رہنماء انیس الرحمن شیخ،امین میمن، کامران میمن،شوکت راہموں ایڈوکیٹ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس سے خطاب میں سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں عوام کے درمیان رہتے ہیں حیسکو کی ناانصافیوں کے خلاف ہرپارٹی کا آدمی ہمارے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں کمیٹیوں میں عوامی شخصیات کو بھی شامل کیا جائے انہوں نے ایس ایس پی کو ہدایت کی کہ حیسکو کی جانب سے بجلی چوری سمیت دیگر مسائل پر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے قبل محلے کی معز ز شخصیات سے تصدیق کی جائے اجلاس کے شرکاء نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،گھروں کے اوپر سے گذرنے والی جائز تاروں،راستوں پر لٹکنے والے کرنٹ والے تاروں، کمزور کھمبوں،بجلی بل میں ڈیٹیکشن ،خراب ٹرانسفارمرز،اووربلنگ سمیت حیسکو کے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کی ، مولانا حفیظ الرحمن فیض نے کہا کہ اگر واپڈا سے متعلق مسائل حل نہیں ہوئے تو پھر منتخب ہونے والے ایم این اے کے گھر کے باہر دھرنا دیا جائے گا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ گھرو ں کے اوپر سے گذرنے والی خطرناک تاروں لٹکنے والے تاروں اورکمزور کھمبوں کی نشاندہی کرکے تبدیل کرایا جائے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیسکو میرپورخاص اقبال بلوچ نے ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ عوام کو تکلیف سے بچایا اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کیا جائے محکمے میں موجود کوتاہیوں کو ختم کیا جائے گا بجلی چوری روکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے اجلاس میں طے پایا کہ ضلع اور تعلقہ کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو کہ حیسکو کی شکایات کے ازالے کیلئے حیسکو افسران سے مل کر شکایتوں کا ازالہ کروائیں گی۔

مزیدخبریں