نئی دہلی (بی بی سی) بھارت اور چین کے درمیان کمانڈروں کی سطح کی بات چیت کے باوجود لداخ میں صورتحال کشیدہ ہے اور ایکچوئل لائن آف کنٹرول پر فوج کی مزید تعیناتی رپورٹ کی گئی ہے۔ انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان گیارہ گھنٹے تک کمانڈروں کی سطح پر مذاکرات جاری رہے جس میں انڈیا نے واضح طور پر کہا ہے اپنی سرزمین کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا اور یہ کہ پینگونگ تسو جھیل اور دوسرے متنازع مقامات سے جلد از جلد افواج کو واپس لیا جانا چاہئے۔ دریں اثناء گزشتہ روز بھارت کی دوسری خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے خبر دی ہے کہ چین کی جانب سے 17 ہزار فوجیوں کی تعنیاتی کے جواب میں انڈیا نے لداخ میں دولت بیگ اولڈی ڈی بی او اور دیسپانگ میدانی علاقے میں فوج کی مزید بھاری نفری تعینات کی ہے اور اس کے ساتھ ٹینگ کے ریجیمنٹس بھی تعینات کئے گئے ہیں۔