کرونا ، مزید 17ہلاکتیں ، پنجاب میں شادی ہالز ، ریسٹورنٹس ، سینما، تھیٹر کھولنے کی سفارش

واشنگٹن + اقوام متحدہ +اسلام آباد+ لاہور ( آن لائن+ اے پی پی+ نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 17افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 432 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔ پاکستان میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 999 ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 80 ہزار 461 افراد متاثر ہیں جبکہ ملک بھر میں کرونا کے 2 لاکھ 49 ہزار 397 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں فعل کیسز کی تعداد 28 ہزار 371 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کرونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 16 اور خیبر پی کے میں 34 ہزار 324 ۔ بلوچستان 11 ہزار 777، اسلام آباد 15 ہزار 95، آزاد جموں و کشمیر 2 ہزار 97، گلگت بلتستان دو ہزار 198 اور پنجاب میں 93 ہزار 336 کرونا مریض ہیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 153، سندھ میں 2 ہزار 226، خیبر پی کے میں ایک ہزار 208، اسلام آباد میں 167، بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 54 اور گلگت بلتستان میں 55 ہو چکی ہے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے ہسپتالوں میںاس وقت ایک ہزار 595 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ84لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس کے باعث چھ لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 48 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 58 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مختلف ممالک میں اب تک کرونا وائرس سے697289 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، امریکہ کے بعد برازیل میںمریضوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ بھارت، روس، جنوبی افریقہ، پیرو، میکسکو اور چلی میں بھی لاکھوں افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ برازیل میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد2751665 تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل میں اس وقت کرونا وائرس کے744644 فعال مریض ہیں۔ بھارت میںمہلک کرونا وائرس سے39 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے52 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ فعال کیسز اسی ریاست میں ہیں۔ مہاراشٹر میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد ایک لاکھ32 ہزار سے زائد ہے۔ بھارت میں مہلک کرونا وائرس کے مجموعی فعال کیسز کی تعداد آٹھ لاکھ 86 ہزار سے زائد ہے۔ بھارت سمیت بعض ایشیائی ممالک، امریکہ اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کیدیگر کئی ملکوں میں یہ وائرس اب بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار ادارے اور ممالک کرونا وائرس کی وبا اور دیگر آفات سے متاثرہ لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد فراہم کرتے ہوئے پاکستان کی معاونت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایاکہ پاکستان میں کرونا کے000 280 سے زیادہ کیسزاور تقریباً 6 ہزار اموات ریکارڈ کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کرونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں انڈسٹریز، ریسٹورنٹس، میرج ہال اور سینما تھیٹرکھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ حتمی منظوری کے لئے نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سنٹر کو سفارشات او رتجاویز پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں جم،ان ڈور سپورٹس، بیوٹی سیلون او رکلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ مری اور پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاہم اس پر بھی حتمی فیصلہ این سی او سی کرے گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دئیے جائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے نیگیٹو لسٹ میں شامل کاروبار کھولنے کے حوالے سے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے این سی او سی اور وفاقی حکومت کو مجوزہ ایس او پیز کے تحت کاروبار کھولنے کے حوالے سے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مندرجہ بالا کاروبار کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ بزدار حکومت کرونا میں واضح کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیاں تیز کرنا چاہتی ہے۔ قبل ازیں اپنے آفس سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انسدادِ کورونا کیلئے پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات کو سپریم کورٹ کے معزز بنچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی سراہا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریضوں میں نمایاں کمی کے باعث سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال، پی آئی سی سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں میں کرونا وارڈز بند کر دیئے گئے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مارکیٹس، انڈسٹریز، سیاحت، شادی ہال، پارک کھولنے سے متعلق اوقات کار پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔حماد اظہر نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ شادی ہال، پارک، ٹورازم سے متعلق ایس او پیز کی نظرثانی پر بات ہورہی ہے، مارکیٹس اور انڈسٹریز کے کھولنے کے اوقات کار پر بھی نظر ثانی کی جارہی یے۔ تجاویز لیکر ہم نے صوبوں کو ایس او پیز اور عملدرآمد کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز کو آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم کے پاس حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن