اسلام آباد (نئی دہلی‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نئے سیاسی نقشے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کر تے ہیں۔ بھارت جھوٹ اور بددیانتی سے 5اگست کے غیر قانونی اقدام کو نہیں چھپا سکتا۔ بھارت ڈھٹائی اور مضحکہ خیز الزامات سے ریاستی دہشتگردی کی حقیقت کو نہیں بدل سکتا۔ بھارت 1947ء سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی طرف سے نئے سیاسی نقشے کے سامنے آنے کے بعد انڈیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان کا طرف سے انڈیا کی ریاستوں گجرات اور اس کے یونین علاقوں کشمیر اور لداخ پر ناقابل مدافعت حق ظاہر کرنا سیاسی طور پر ایک بے معنی مشق ہے۔'بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا نے پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے جاری کیے جانے والا 'نام نہاد نیا سیاسی نقشہ دیکھا ہے۔ 'ان کا کہنا تھا کہ 'اس قسم کے مضحکہ خیز دعوے کی نہ تو کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی کوئی بین الاقوامی معتبریت ہے۔''درحقیقت یہ نئی کوشش صرف سرحد پار دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کے علاقائی اضافے کے جنون کی حقیقت کو تقویت دیتی ہے۔