اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک ریلی کی قیادت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی کا استقبال آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کریں گے۔
ریلی میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے۔
بھارت نے پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی ریاست کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے تحفظ دینے والے آئین کے دو آرٹیکلوں 370 اور 35-اے کا خاتمہ کردیا تھا۔
بھارت میں انتہا پسند جنونی ہندوؤں کی جماعت آر ایس ایس کی پروردہ بی جے پی کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے آئین کے دونوں آرٹیکلوں کے خاتمے کے ساتھ ہی وادی چنار کو دو یونین ٹریٹری یعنی جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے کشمیریوں نے یکسر مسترد کردیا تھا۔
مودی سرکار کے غیر آئینی اقدام کو پاکستان اور او آئی سی سمیت مہذب دنیا نے بھی یکسر مسترد کیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی اقدام کا ایک سال پورا ہونے پرآج (پانچ اگست) کے دن کو یوم استحصال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کے نئے سرکاری نقشے کی منظوری دی گئی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ نیا نقشہ پاکستانی قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ انہوں نے اپنی منزل بھی سری نگر کو قرار دیا ہے۔
اسلام آباد سے کشمیر جانے والی شاہراہ کا نام بھی کشمیر ہائی وے سے بدل کر سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تختی کی نقاب کشائی بھی کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پانچ اگست کے حوالے سے سینیٹ کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس سے وہ خصوصی خطاب کریں گے۔ اجلاس میں پارلیمانی رہنما بھی بحث کریں گے۔
پانچ اگست کو ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ پانچ اگست کے حوالے سے دیگر احتجاجی پروگراموں کو بھی ترتیب دیا گیا ہے جو ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد ہوں گے۔
بھارت کو اپنے پانچ اگست کے اقدام پر مظلوم کشمیریوں کی جانب سے احتجاج کا اس قدر خوف ہے کہ سری نگر میں دو روزہ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔
افسوسناک امر ہے کہ مظلوم کشمیری گزشتہ ایک سال سے لاک ڈاؤن کی اذیتیں سہہ رہے ہیں اور اس طرح وہ دنیا کی سب سے بڑی جیل میں زندگی کے ایام کاٹ رہے ہیں۔