وزیر اعلیٰ عثمان بزدارسے وزیر مملکت زرتاج گل کی ملاقات،عمومی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال

   وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل نے ملاقات کی۔ملاقات میں عمومی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔عثمان بزدار اورزرتاج گل نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلسل کرفیواورکشمیری عوام پربھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کے سیاسی نقشے میں شامل کرنے پر وزیراعظم عمران خان کے اقدام کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کانامکمل ایجنڈا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرنا ہر پاکستانی اورہر کشمیری کی آواز ہے۔آج مقبوضہ جموں و کشمیر پاکستان کے نقشے میں شامل ہوا ہے اورکل یہ پاکستان کا حصہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے جرات مند سفیر ہیں اوروزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیرکا مقدمہ لڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیرکاپاکستان سے انمٹ رشتہ ہے۔کڑے وقت اوربحران کی کیفیت میں کشمیر یوں کے ساتھ ہیں۔ بھارت ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا-بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آمرانہ اقدام کیا۔ مودی سرکارکے ظلم کی شب ختم ہونے کے قریب ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بننے سے چاروں صوبوں کے عوام مستفید ہوں گے-پسماندہ علاقوں کی ہر ضرورت اور محرومی پر نظر ہے اوران محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں -جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کی بنیاد رکھ دی،عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے-

وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تغیرات زرتاج گل نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا دن اب زیادہ دور نہیں۔بھارت کوہرسطح پر رسوائی کا سامناکرنا پڑ رہاہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر کے معاملے اپنی روایتی ہٹ دھرمی اورمکاری کا مظاہرہ کررہا ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اورکشمیر آج بھی ہمارا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے- جنوبی پنجاب میں جتنی ترقی دوسال میں ہوئی گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں ہوسکی - وزیر مملکت زرتاج گل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوڈیرہ غازی خان شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن