یوم شہداء پولیس منایا گیا، فرائض کی ادائیگی کیلئے قربانیاں قابل تحسین: جنرل باجوہ 

Aug 05, 2021

اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) پولیس کے شہدا کو سلام، ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔ لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ، پولیس اہلکاروں اور افسروں کی لازوال قربانیوں کی داستان، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم شہدا منایا گیا۔ کراچی میں بھی یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔ تقریب میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیس کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے میں پولیس کا کردار تاریخی، قربانیاں بے مثال ہیں۔ پشاور میں یوم شہدائے کے موقع پر شہید پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہداء کی قبروں پر حاضری اور سلامی دی گئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے گز شتہ روز یوم شہدا پولیس کے موقع پر شہید ڈی آئی جی سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے لحد کو سلامی پیش کی۔ غلام محمود ڈوگر نے افسران کے ہمراہ شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے  یادگار شہداء مال روڈ اور ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ پر حاضری دی۔ انہوں نے شہدا کی  یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتح خوانی کی۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ شہداء پولیس کی یاد آج بھی دلوں میں تازہ ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ پولیس کے یوم شہداء پر پاک فضائیہ نے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ پاکستان پولیس فورس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک میں امن ، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ پاک فضائیہ انکی حب الوطنی، بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر عارف علوی نے یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔ آئندہ 6 ماہ کیلئے الرٹ رہنا ہو گا۔ دشمن قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ بھارت پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

مزیدخبریں