بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق پامال کئے حساب دینا پڑیگا: عثمان بزدار

Aug 05, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کی مشاور ت سے کرونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ وطن عزیز پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ پنجاب پولیس کے شہداء نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دیکر تاریخ رقم کی ہے۔ پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ  نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مودی نے 5اگست 2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اور بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پر پہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیںگے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے  غیر قانونی کشمیریوں میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے ۔بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ 22کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیںگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈائون کو2سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔ بھارت کو ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔ کشمیر کاز سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔  عثمان بزدار نے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر عبدالقیوم نیازی کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی  کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔

مزیدخبریں