لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آٹا چینی، دال گھی، دوائی بجلی سب کچھ مہنگاترین ہوگیا، لیکن پھر بھی حکومت کا رونا دھونا جاری ہے۔مہنگائی کے حوالے سے اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ لادنے کے بجائے کم کرے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لئے بجلی، گیس، اشیائے خورونوش مزید مہنگی کرنے کا ظلم نہ کیاجائے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تعجب اس بات پر ہے کہ حکومت قرض پر قرض لیتی جارہی ہے اور مہنگائی بھی بڑھتی جارہی ہے، عوام اور عالمی مالیاتی اداروں سے جمع ہونے والا سارا پیسہ آخرکہاں جا رہا ہے اور کہاں خرچ ہورہا ہے، آٹا چینی، دال گھی، دوائی بجلی سب کچھ مہنگا ترین ہوگیا ہے لیکن پھر بھی حکومت کا رونا دھونا جاری ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں آئندہ ایک سے تین ماہ میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے حکومتی دعوے دم توڑ گئے ہیں، رواں مالی سال پہلے ماہ میں ہی تجارتی خسارہ 81.4 فیصد تک بڑھ گیا ہے، درآمدات دوگنا بڑھ چکی ہیں۔ ڈالر کی قیمت اوپر اور روپے کی قدر مسلسل نیچے جا رہی ہے، جولائی کے مہینے میں امپورٹ بل 47 فیصد بڑھنا معاشی تباہی کے اشارے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے 3.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ ماہ 5.4 ارب ڈالر امپورٹس ہوئیں۔صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عوام پر ہر ماہ اور ہر ہفتے مہنگائی کی قیامت ڈھانے والے مزید اور کتنا ظلم کرنا چاہتے ہیں۔ ظلم کے اس نظام کے خلاف عوام کا لاوہ پک رہا ہے، پھٹا تو کوئی نہیں بچے گا، گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت کو معاشی بحالی قراردینا اس حکومت کا عام آدمی کے لئے بے حس ہونے کا ثبوت ہے۔ حکومتی پالیسیوں نے غریب عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے جن کی زندگی شدید ترین مہنگائی نے جہنم بنا دی ہے۔ حکمرانوں کے دل میں غریب عوام کے لئے نہ کوئی رحم ہے اور نہ ذہن میں زرا سا احساس ہے۔شہباز شریف کی زیر صدارت کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات اور امیدواروں کی نامزدگیوں سے متعلق امور پر مشاورت کی اور سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے ہوگا۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات بھرپور جذبے اور بہترین حکمت عملی سے لڑیں گے۔ عوام کے حقوق کیلئے جو بھی قربانی دینی پڑی دیں گے۔ مقصد پر یقین‘ اتحاد‘ تنظیم‘ دن رات کی محنت سے پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔