مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی خاموش سوالیہ نشان : طاہر صادق 

Aug 05, 2021

فتح جنگ (نامہ نگار )صوبہ پنجاب کی ممتاز سیاسی وعسکری شخصیت ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ بھارتی ظالمانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں او روزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کیئے گئے اعلان کی روشنی میں ضلع اٹک کی عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی والہانہ محبت او رنظریاتی وابستگی کا ثبوت فراہم کر رہی ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے نوائے وقت کا مثالی کردار روزروشن کی طرح عیاں ہے ا نہوں نے کہا کہ کشمیر میں لاک ڈائون کی آڑ میں بھارتی افواج غنڈہ گردی اور ظلم وستم کی بدترین مثالیں قائم کر رہی ہے لیکن افسوس بھارتی مظالم او ردرندگی پر انسانی حقوق کی نام نہاد دعویدار عالمی تنظیموں کی مکمل خاموشی سوالیہ نشان ہے انہوں نے سوال اٹھایا کیا یہ نام نہاد تنظیمیں اس لیئے خاموش ہیں کہ بھارتی درندگی کا نشانہ بننے والے مظلوم کشمیری مسلمان ہیں ایم این اے میجر طاہر صادق نے کہا کہ آخر وہ کونسی وجوہات ہیں کہ جسکی بنا پر بھارتی مظالم اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم کی مذمت نہیں کی جاتی انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حقوق آزادی تک ہم انکے مطالبات او راصولی موقف کی حمایت کرتے رہینگے ۔

مزیدخبریں