اسلام آباد+ لاہور+ بیجنگ (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی+ شنہوا) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 46 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 575 ہوگئی۔ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 999 ہوگئی۔ 4722 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 62 لاکھ 15 ہزار 728 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 9 لاکھ 45 ہزار 829 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 3 ہزار858 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کے پنجاب گرائونڈ میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹر نے کام شروع کردیا ہے۔ گاڑیوں کے علاوہ پیدل آنے والوں کا بھی رش لگا ہوا ہے۔ 10 دن کے لیے مرکز میں 14 بوتھ لگائے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ دیگر متعلقہ ادارے کے حکام بھی یہاں موجود ہیں شروع کی گئی ہے۔ دنیا بھرمیں مصدقہ کیسز کی تعداد 19 کروڑ 95 لاکھ 23 ہزار 213ہوگئی۔ ملک بھر میں تیزی سے کرونا وائرس کے پھیلائو اور ویکسین نہ لگائے جانے پر سختیوں کے بعد ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک روز میں ویکسین لگانے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ویکسین کے حوالے سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 11لاکھ 39ہزار 580افراد کی ویکسی نیشن ہوئی۔ایک روز میں پہلی مرتبہ ویکسین لگوانے والوں کی تعداد نے 10لاکھ سے تجاوز کیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ 59 ہزار 676 افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ محکمہ اوقاف نے حکومت پنجاب کے احکامات کے تحت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے مزارات کو 31 اگست تک بند کرنے کا اعلان کردیا، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران اوقاف کی مساجد میں حکومتی مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق نماز پنجگانہ ادا کی جائیگی۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے علاوہ پورے ملک کے تمام تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کوبین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کے سٹاف کی سو فیصد ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے گی 9ویں،10ویں اور11ویں کے امتحانات اختیاری مضامین میں لئے جائیں گے جبکہ لازمین مضامین میں5 فیصد اضافی نمبرز دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کیساتھ کھلے رہیں گے، ایجوکیشن شعبے کو کرونا ویکسی نیشن 83فیصد تک پہنچ چکی لیکن ہائر ایجوکیشن میں ویکسی نیشن کا عمل سست ہے۔ بچوں سے کہوں گا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سوشل میڈیا کی ایسی باتیں جن کا نہ کوئی سر ہوتا ہے نہ پیر اس پر توجہ نہ دیں، بچے صرف محکمہ تعلیم اور وزارت تعلیم کے فیصلوں کا انتظار کیا کریں، حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جائے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ بین الصوبائی وزراء اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت کی جانب سے ملک بھر میں کرونا وباء اور دیگر صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزراء کانفرنس میں وزارت صحت اور این سی او سی کی بریفنگ کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔
کرونا: 46 اموات، 3 صوبے تعلیمی ادارے کھلے رکھیں گے، سندھ میں بند
Aug 05, 2021