لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی اور ان کے وفد نے وزیراعظم عمران خان کو عرب پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قبول کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن، سوچ اور فکر ہے کہ عرب اسلامی ممالک کے درمیان قربتیں بڑھیں اور نفرتیں ختم ہوں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بلاد اسلامیہ اور بلاد عرب کے حوالے سے کامیاب ہے۔ عراق، کویت، سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات سمیت تمام عرب ممالک سے بہترین تعلقات ہیں اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارت ‘ پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے درمیان دوریاں پیدا کرنے میں ناکام ہوا ہے۔ دریں اثناء طاہر محمود اشرفی نے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عسومی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور عرب پارلیمنٹ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ عادل عسومی اور ان کے وفد نے طاہر محمود اشرفی کی اسلام اور مسلمانوں بالخصوص انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف خدمات کو سراہا۔