لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہے جس پر انھوں نے یوٹرن نہ لیا ہو۔ وہ کشمیریوں کے نام کے ہی سفیر ہیں۔ مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے۔ مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں انسان تہتر برسوں سے بھارت کے ظلم و استبداد کا شکار ہیں۔ مگر عالمی اداروں، مغربی طاقتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی مسلسل داستان ہے۔ معیشت ، داخلہ و خارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہو گی۔ تاجر پریشان جبکہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کی دلدل میں پھنس چکے ہیں۔ نظام بوسیدہ اور حکمران دن رات قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔ ملک پر 45 ہزار ارب روپے کے قرضوں کے بوجھ کا ذمہ دار طبقہ خود عیاشیاں کر رہا ہے۔ چند گھرانے چچا، بھتیجا، باپ اور بیٹا کی شکل میں ایوانوں میں براجمان ہیں جنھیں عوام کی نہ کوئی فکر تھی نہ ہے۔ کرپشن اور دھوکہ دہی سے الیکشن جیتنے والوں سے جان چھڑانا ہو گی۔
بھارتی ظلم پر عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی: سراج الحق
Aug 05, 2021