لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2021-22ء کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے چوتھے اجلاس میں ریجنل پلاننگ اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سیکٹرز کی 2 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 26 ارب 43کروڑ 57 لاکھ 4 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمہ کے منصوبہ (ترمیمی) کیلئے 23 ارب 89 کروڑ 16 لاکھ 31 ہزار روپے اور ضلع گجرات میں نواز شریف میڈیکل کالج کے قیام، یونیورسٹی آف گجرات اور عزیز بھٹی شہید ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی اپ گریڈیشن (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ 73 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ، متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت دیگر نے شرکت کی۔