اسلام آباد(نا مہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہے جس پر انھوں نے یوٹرن نہ لیا ہو۔ وہ کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں۔ مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے، مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں انسان تہتر برسوں سے بھارت کے ظلم و استبداد کا شکار ہیں، مگر عالمی اداروں، مغربی طاقتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی مسلسل داستان ہے۔ معیشت، داخلہ و خارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہو گی۔ تاجر پریشان جبکہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کی دلدل میں پھنس چکے ہیں۔ نظا م بوسیدہ اور حکمران دن رات قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔ ملک پر 45 ہزار ارب روپے کے قرضوں کے بوجھ کا ذمہ دار طبقہ خود عیاشیاں کر رہاہے۔ چند گھرانے چچا، بھتیجا، باپ اور بیٹا کی شکل میں ایوانوں میں براجمان ہیں جنھیں عوام کی نہ کوئی فکر تھی نہ ہے۔ کرپشن اور دھوکہ دہی سے الیکشن جیتنے والوں سے جان چھڑاناہوگی۔ قوم سنت حسین کی پیروی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف ڈٹ جائے۔ اسلام کے معاشی نظام سے رہنمائی لینا ہوگی۔ جماعت اسلامی الیکشن میں پورے ملک میں امیدوار کھڑے کرے گی۔
وزیراعظم کا کوئی اعلان سامنے لانا مشکل جس پر انھوں نے یوٹرن نہ لیا ہو،سراج الحق
Aug 05, 2021