اسلام آباد(نامہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصلی صورت میں بحال کیا جاے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت نے بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے کشمیری عوام کی تحریک آزادی پر شب خون مارا اور انہیں شناخت سے محروم کر دیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز پالیسیوں کی عکاسی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔
خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے:اسد قیصر
Aug 05, 2021