آئی پی ایچ آرسی کا وفد اسلام آباد اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ کرے گا

Aug 05, 2021

 اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)کے انڈیپنڈنٹ پرماننٹ ہیومن رائیٹس کمشن (آئی پی ایچ آرسی)کا 12رکنی وفد 4سے 9اگست 2021کو اسلام آباد اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ کرے گا۔ یہ دورہ کمشن کے اس مینڈیٹ کا حصہ ہے جس کے تحت اسے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںبالخصوص 5اگست 2019کو غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات کے بعد بگڑتی ہوئی صورتحال کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کمشن کو یہ ذمہ داری تیرھویں اسلامی سربراہی اجلاس اور او۔آئی۔سی کی وزرا خارجہ کونسل(سی ایف ایم)کے بیالیسویں اجلاس میں سونپی گئی تھی کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرے اور اس پر مسلسل اپنی رپورٹس پیش کرے۔ آئی پی ایچ آر سی نے مارچ 2021میں اپنے 17ویں معمول کے اجلاس میں حقائق جاننے کی غرض سے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کادورہ کرنے کے معاملے پر بھارتی حکومت کے جواب نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں