اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گردشی قرضے کے بہائومیں نمایاں کمی ہوئی ہے ، موسم گرما میں بجلی کی طلب میں 20فیصد اضافہ توانائی کے شعبہ کیلئے مثبت پیشرفت ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک بجلی کی ترسیلی صلاحیت میں مزید اضافہ کیاجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ وگ شیفر کی زیر قیادت عالمی بینک کے و فد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر، پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن کے سیکرٹریز، عالمی بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نوید کامران بلوچ، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بن حسنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر توانائی نے عالمی بینک کے وفد کو توانائی کے شعبہ سے متعلق حکومتی اقدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت گردشی قرضے کے بہائو میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، مالی سال 2020-21میں گردشی قرضے میں صرف 130ارب روپے کا اضافہ ہواہے ، گزشتہ سال کی نسبت گردشی قرضے کے بہا میں 408ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔