کراچی(وقائع نگار)کراچی کے علاقے بفرزون میں ڈی سی آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہو گیا، ڈاکو کیش سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہو گئے تفصیلات کے مطابق بفرزون ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب 6 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران منی چینجر کی ایک وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا، اور کیش لوٹ کر 3 موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، کیش وین میں لوٹ مار کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والوں میں ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک کیشیئر شامل ہے,پولیس کا کہنا ہے کہ واردات 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے کی، عینی شاہدین کے مطابق پولیس ٹیم ملزمان کی تلاش میں پیچھے روانہ ہو ئی۔ ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بینک کلائنٹ نے 6 ہزار ڈالر اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے، منی چینج والے بدلے میں کیش لینے بینک آئے تھے، پاکستانی روپے میں رقم 9 لاکھ 85 ہزار روپے بنتی ہے، ڈاکوؤں نے واردات سے پہلے گاڑی پر فائرنگ کی پہلے کمپنی کے ملازمین کو زخمی کیا اور پھر کیش چھین کر 3 ون ٹو فائیو پر فرار ہوئے،پولیس نے جائے وقوعہ کی ابتدائی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں کچھ واضح نہیںدکھائی دے رہاتاہم بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہے جس سے شواہد سامنے آنے کی توقع ہے پولیس کے مطابق کچھ اطلاعات ہیں کہ کون سے گروہ ایسے کام کر رہے ہیں,ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بڑی رقم منتقل کرنے کی ایس او پی فالو نہیں کی گئی۔ ہائی روف وین میں رقم منتقلی کی اطلاع ہمیں نہیں دی گئی تھی، واقعے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جلد کیس کو منطقی انجام تک پہنچ جائیں گے، معلومات لیک ہوئی ہے تب ہی یہ واقعہ پیش آیا ہے ،پولیس کے مطابق کیش وین میں 4 افراد سوار تھے، فائرنگ سے کیشیئر اور ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی جب کہ ایک ملازم صحیح سلامت ہے، معلومات کے حصول کے لیے پولیس کی دوسری ٹیم نجی بینک گئی، معلوم ہوا کہ کیش وین نے ایک جگہ سے 6 ہزار ڈالر لیے اور بینک میں جا کر شہری کو دیئے ،ایس ایس پی وسطی کے مطابق وین سے ساڑھے 9 لاکھ روپے کے قریب رقم لوٹی گئی۔