اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی + آئی این پی+ اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں 29ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر سنگاپور اور ویتنامی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تمام فریقوں نے باہمی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اپنے جاپانی ہم منصب ہیاشی یوشیما سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان جاپان تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سنگاپور کے وزیر خارجہ ووین بالاکرش سے ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں کے مابین دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ اور دیگر امور ہائے باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا اور خطہ کی عمومی صورتحال اور امن و استحکام کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران دونوں رہنمائوں کی جانب سے اقتصادی روابط کو پاکستان اور سنگاپور کے تعلقات کا مرکزی ستون قرار دیا۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دولت مشترکہ کھیلوں میں نیا ریکارڈ قائم کرنے پر نوح دستگیر بٹ کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں وزن اٹھانے کے مقابلوں میں طلائی تمغہ لے کر ملک کا نام روشن کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویتنام کے اپنے ہم منصب یوئیتھان سون کیساتھ دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی 50 سالہ تقریبات کے پس منظر میں مختلف شعبوںمیں باہمی فائدہ مند تعاون کی مسلسل نمو پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزرا خارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، پبلک ایڈمنسٹریشن اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا۔ یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 370 اور 35 اے میں تبدیلی کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو پائمال اور خطے کے امن و استحکام کو تباہی کے دلدل کی جانب دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال گذر چکے ہیں، مقبوضہ وادی کی عوام تاحال آزادی اظہار اور پرامن اجتماع سمیت تمام دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر عملدرآمد کرا کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔
کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، بلاول
Aug 05, 2022