راولپنڈی (جنرل رپورٹر) سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال قربانی کی یاد گارمنانے کیلئے عشرہ محرم کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ پانچ محرم کو بھی جاری رہا۔اس موقع پرمجالس میں علمائے کرام اورذاکرین نے عزاداری بالخصوص خواتین کی مجالس میں بے جارکاوٹوںپرتشویش کااظہار اوراس روش کو بنیادی حقوق اورآزادی سلب کرنے کے مترادف قراردیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دینی وجمہوری اقدار کی پاسداری کویقینی بنائے۔ علی مسجدسٹیلائٹ ٹائون میں عشرہ محرم کی پانچویں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؑ میدان کربلامیں اپنے انصارواصحاب سمیت تاقیامت انسانی اقدارکوبچانے کیلئے ایسی لازوال قربانی دی جس کی نظیرملنامشکل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نواسہ رسول ؐ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؑ کی یادتمام باشعوروحریت پسندوں میں بغیرکسی تفریق ، مذہب رنگ ونسل آبادہے اورتاقیامت بادرہے گی ، امام حسین ؑ کاپیغام بغیرکسی تفریق کے دنیابھرمیں کے تمام انسانوں اورآزادی کے تحریکوں کیلئے مشعل راہ ہے ، انہوں نے کہاکہ مصائب وآلا م او ر تمام تر مشکلات کاحل کردارشبیری اداکرنے میں مضمرہے ۔