کراچی (نیوز رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ سے ملبہ اور کچرے کو صاف کیا جائے اور گرین لائن اور ریڈ لائن کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے، عاشورہ محرم الحرام سے قبل ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے بہتر بنایا جائے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (SIDCL) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ اجلاس میںکہی ، جس میں میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، شکور پٹھان، مینیجر ٹیکنیکل امتیاز علی اور دیگر افسران نے شرکت کی،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو ایس آئی ڈی سی ایل کی جانب سے شیر شاہ سوری روڈ اور ایم اے جناح روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شیر شاہ سوری روڈ کے سروس روڈ کو بہتر کرنے کاکام جاری ہے اس روڈ پر تین فلائی اوورز بنائے گئے تھے جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے تاہم یہاں سروس روڈ، فٹ پاتھ اور شجر کاری کے کچھ کام باقی رہ گئے ہیں جنہیں مکمل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے وفد کے اراکین سے گرین لائن اور ریڈ لائن بس سروس منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ گرین لائن بس سروس کی میونسپل پارک نزد جامع کلاتھ مارکیٹ تک توسیع ہوگی اور ریڈ لائن بس سروس کو بھی یہیں تک پہنچایا جائے گا، تاہم گرین لائن میونسپل پارک پر ختم ہوجائے گی جبکہ ریڈ لائن مسافروں کو ٹاور تک لے جائے گی، جامع کلاتھ سے ٹاور تک ایم اے جناح روڈ پر گنجائش نہ ہونے کے سبب علیحدہ سے کوریڈور نہیں ہوگا اور یہ بس دوسری گاڑیوں کے ساتھ میں چلے گی، گرین لائن سے یومیہ 40 ہزار شہری سفر کی سہولت حاصل کررہے ہیں، گرین لائن کی توسیع کے بعد تقریباً یومیہ ایک لاکھ مسافر وں کو سفری سہولت کی فراہمی کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا، نمائش سے میونسپل پارک تک ایم اے جناح روڈ پر سیوریج اور پانی کی لائنیں تبدیل کی گئی ہیں، سیوریج کی 6 انچ قطر کی لائن کی جگہ 24 انچ قطر کی نئی لائنیں ڈالی گئی ہیں اور فراہمی اب کی لائنیں بھی تبدیل کی گئی ہیں، یہ کام 80 فیصد سے زائد مکمل ہوچکا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ہدایت کی کہ ایم اے جناح روڈ پر این جے وی اسکول، جمشید نسروانجی ہال او رمیونسپل پارک کے سامنے سے ملبہ اور کچرا فوری ہٹادیا جائے تاکہ عاشورہ محرم کے موقع پر جلوس کے شرکاء کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہو ںنے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جانے چاہئیں خاص طور پر انفرا سٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سلسلے میں ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرے گی، گرین لائن اور ریڈ لائن ماس ٹرانزٹ کے بڑے منصوبے ہیں جن کی جلد از جلد تکمیل سے کراچی کے شہریوں کی سفری ضروریات کافی حد تک پوری ہوجائیں گی اور ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبوں سے شہر کے مزید علاقوں کو ماس ٹرانزٹ سسٹم سے منسلک کیا جاسکے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ ماس ٹرانزٹ کے کوریڈور اہمیت کے حامل ہیں ۔