بھارتی غنڈوں کے ہاتھوں  ایک اور مسجد شہید

Aug 05, 2022

بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے شمشاد آباد میں رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری غنڈوں نے مسجد کو شہید کردیا۔ دوسری جانب بھارت مقبوضہ کشمیر میں تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں‘  راجوری کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا گیا۔ بھارت میں مسجد کی شہادت کا یہ پہلا واقعہ سامنے نہیں آیااس سے قبل بابری مسجد سمیت کئی مساجد بھارتی غنڈوں کے ہاتھوں شہید ہو چکی ہیں۔ بھارتی شہر حیدرآباد کی مسجد کی شہادت بھی مودی سرکار کے غنڈوں کا جنونی اقدام ہے ۔ گزشتہ ماہ رمضان المبارک میں ایک مسجد کی چھت پرانتہاپسندہندوئوں نے رقص کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا تھا۔ بھارتی غنڈوں کا ایسی جنونی کارروائیوں کا مقصد مسلمانوں کو اشتعال دلا کر انہیں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے پر اکسانا ہے تاکہ بھارت سرکار کو ان کیخلاف کارروائی کا جواز ہاتھ آسکے۔  دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاء کر رکھی ہے۔ کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے کشمیریوں پر حیات تنگ کررکھی ہے۔ نوجوان کشمیریوں کو گرفتار کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر یا تو شہید کر دیا جاتا ہے یا اپاہج کرکے چھوڑ دیاجاتا ہے۔  بھارت کی اس سرکشی سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ کی جانب سے اسے  خطہ میں اودھم مچانے کا لائسنس ملا ہوا ہے۔ پاکستان سمیت مظلوم کشمیری گزشتہ 75 سال سے بھارتی غنڈہ گردی اور اسکے مظالم کیخلاف عالمی سطح پر صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں‘ لیکن کسی طرف سے بھی بھارتی جنونی ہاتھوں کو روکنے کا کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔  اس تناظر میں عالمی مردہ ضمیر کو جھنجھوڑنا بے سودنظر آتا ہے۔   بھارتی مسلمانوں سمیت کشمیریوں کی حالت زار انتہائی تشویش ناک ہے اس پر عالمی طاقتوں بالخصوص اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی دوہرے معیار کی عکاس ہے جس نے بھارتی اور کشمیری مسلمانوں کو بالکل مایوس کردیا ہے۔

مزیدخبریں