کوئٹہ؍ ملتان؍ بہاولپور؍ کوٹ ادو؍ خان گڑھ؍ منڈا چوک (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اموات کی تعداد 166 تک جاپہنچی ہے۔ بلوچستان میں گزشتہ 2 ماہ سے مون سون کی جاری بارشوں نے تباہی مچا دی۔ بارشوں سے اب تک 166 افراد جاں بحق جبکہ 75 افراد زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بارشوں سے اب تک مجموعی طور پر 15 ہزار 337 مکانات کو نقصان پہنچا، 23 ہزار 13 مال مویشی مارے گئے۔ 2 لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلیف کی سرگرمیاں جاری، انتظامیہ، پاک فوج، بحریہ اور ایف سی کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ بہاولپور سے جنرل رپورٹر کے مطابق چیف انجینئر انہار بہاولپور خالد بشیر نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے رحیم یار خان میں ہرطرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے۔ خان گڑھ‘ منڈا چوک نمائندہ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پانچ دریائوں کی سرزمین مظفرگڑھ میں دریائے چناب اور راوی کے پانی کی سطح بلند ہونے سے متعدد مواضعات 7800 ایکڑ رقبہ زیرآب جبکہ 5091 ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصلیں اور آم کے باغات شدید متاثر ہوگئے۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق دریائے سندھ تونسہ بیراج کے مقام پر گذشتہ ایک ہفتہ سے نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ تونسہ بیراج کے مقام پر ساڑھے3لاکھ کیوسک سے پانی کے سیلابی ریلے سے بیٹ کا وسیع علاقہ زیر آب آچکا ہے، تونسہ بیراج کے اوپر کی جانب 3 مواضعات چھجڑے والا، نشان والا اور لومڑ والا سیلاب کے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جہاں سینکڑوں ایکڑ پرکھڑی فصلات تباہ ہوگئی ہیں اور 30سے زائدکچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں متحرک ہو گئیں۔
بلوچستان/ بارش