سیفٹی، کارکردگی میں کوتاہی اور کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی :گیپکوبورڈ آف ڈائریکٹرز

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گیپکوکے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس گیپکو ہیڈ کوارٹر میں چیئر مین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی طرف سے تشکیل دیئے گئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران ضیاءمحی الد ین، عاطف فرید صابرخاں، رانا فرحان معظم، فہد شکور، محمد شعیب، محمد اصغروڑائچ، نور محمد مرزا، چیف ایگزیکٹو گیپکو محمدایوب، چیف فنانشل آفیسر محمد ایاز،کمپنی سیکرٹری عظمان علی و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بی او ڈی محمد شعیب بٹ نے کہا کہ ہم خدمت کے جذبے سے آئے لہذا بے جا میٹنگز اور فیصلہ سازی میں غیر ضروری تاخیر کی بجائے فیصلے میرٹ پر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا میں بطور چئیرمین میٹنگز کے حوالے سے ملنے والے اعزازیہ سے رضا کارانہ مکمل دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں،انہوں نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ایک مربوط تجزیاتی سوچ کے ساتھ ہم لوگ ایک ٹیم ہو کر کام کریں گے اور گیپکو کی ترقی اور فنانشل گروتھ کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ، کسٹمر کیئر کے معیار کو بلند کرنے اور ملازمین کی ویلفیئر پر خصوصی توجہ دی جائےگی۔ جبکہ بورڈ ممبر ضیاءمحی الدین نے بھی ملنے والے اعزازیہ سے دستبرداری اختیار کی جبکہ چیئرمین کے توجہ دلانے پر تمام ممبران نے متفقہ قرارداد کے ذریعہ ممبران کو ملنے والی اعزازیہ کی رقم کو تقریبا نصف کردیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو گیپکو محمد ایوب نے بتایا کہ گیپکوکے لائن لاسز نیپرا کے طے شدہ معیار کے مطابق ہیں جبکہ ریکوری 100فیصد سے زائد ہے۔

ای پیپر دی نیشن