نماز پنجگانہ کے فضائل

Aug 05, 2023

خواجہ نورالزماں اویسی

نماز پنجگانہ پڑھنے کی قرآن و حدیث میں بہت زیادہ اہمیت و فضیلت بیان کی گئی ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے :’’ تحقیق نماز مسلمانوں پر وقت مقررہ پر فرض کی گئی ہے ‘‘۔ (سورۃ النساء )فرمان نبوی ﷺ ہے اللہ تعالی نے بندوں پر پانچ نمازیں فرض کیں جو شخص انہیں با عظمت سمجھتے ہوئے تمام شرائط کے ساتھ ادا کرتا ہے اللہ تعا لی کا اس کے لیے وعدہ ہے کہ وہ اس شخص کو جنت میں داخل کرے گا اور جو انہیں ادا نہیں کرتا اللہ تعالی کا اس کے لیے کوئی وعدہ نہیں ہے چاہے تو اسے عذاب دے اور چاہے تو جنت میں داخل فرما دے ۔ایک روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : پانچ نمازوں کی مثال تم میں سے کسی ایک کے گھر کے ساتھ بہنے والی وسیع خوشگوار پانی کی نہر جیسی ہے جس سے وہ دن میں پانچ مرتبہ نہاتا ہے ۔ کیا اس کے جسم پر میل باقی رہے گی ؟ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے عرض کی نہیں ۔ آپ نے فرمایا جیسے پانی میل کچیل کو بہالے جاتا ہے اسی طرح پانچ نمازیں بھی گناہوں کو بہالے جاتی ہیں ۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: نمازیں اپنے اوقات کے مابین سرزد ہونے والے گناہوں کا کفارہ ہیں بشرطیکہ کبیرہ  گناہوں سے پرہیز کیا جا ئے ۔ ارشاد باری تعالی ہے کہ ’’ بے شک نیکیاں گناہوں کو کھا جاتی ہیں ‘‘۔( سورۃ ھود )حضور نبی کریم ﷺ سے پوچھا گیا کہ کونسا عمل افضل ہے ؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا نمازوں کو ان کے اوقات میں ادا کرنا ۔فرمان نبوی ﷺ ہے جس نے مکمل پاکیزگی کے ساتھ صحیح اوقات میں ہمیشہ پانچ نمازوں کو ادا کیا قیامت کے دن نمازیں اس کے لیے نور اور رحمت ہوں گی اور جس نے انہیں ضائع کر دیا وہ فر عون اور قارون کے ساتھ اٹھایا جا ئے گا ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : اللہ تعالی نے توحید کے بعد نماز سے زیادہ پسندیدہ کوئی عمل فرض نہیں کیا اور اللہ تعالینے پسندیدگی کی ہی وجہ سے فرشتوں کو اسی عبادت میں مشغول فر ما دیا ہے لہذا ان میں سے کچھ رکوع میں ، کچھ سجدہ میں بعض قیام میں اور بعض قعود کی حالت میں عبادت کر رہے ہیں ۔ فرمان نبوی ﷺ ہے جس نے جان بوجھ کر نماز چھوڑ دی پس اس نے کفر کیا ۔ یعنی وہ ایمان سے نکلنے کے قریب ہو گیا کیو نکہ اس نے اللہ کی مضبوط رسی کو چھوڑ دیا اور دین کے ستون کو گر ادیا ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : جس نے جان بوجھ کر نماز چھوڑی وہ محمد ﷺ کی ذمہ داری سے نکل گیا ۔حضور  ﷺ نے فر مایا : نماز جنت کی کنجی ہے ۔ اللہ تعالی ہمیں نماز پنجگانہ اور نماز تہجد پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

مزیدخبریں