ماحولیاتی پاکیزگی کیلئے سٹیٹ کےساتھ سوسائٹی بھی کردار ادا کرے:طاہر رضا بخاری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری،چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈینگی کے تدارک کے حوالے سے ایوان اوقاف میں منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی پاکیزگی کیلئے سٹیٹ کے ساتھ سوسائٹی بھی اپنا کردار ادا کرے۔ ڈینگی کے تدارک کیلئے حکومت مستعداور محراب و منبر سرگرمِ عمل ہیں۔ علماءدفاع ِ وطن کے تقاضوں سے آگاہ اور استحکام پاکستان کے حوالے سے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔وبائی امراض سے چھٹکارے کیلئے تعلیماتِ نبوی سے استفادہ ضروری ہے۔ موجودہ بارش کے موسم میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر گھروں، دکانات اور پارکس کی چیکنگ کا اہتمام کرتے ہوئے روم کولرز، آرائشی گملوں، گاڑیوں کے خراب ٹائر ز، پارکس یا چھتوں پر کسی بھی برتن وغیرہ میں پانی کھڑا نہ ہونے دیاجائے جبکہ ایئرکنڈیشنر سے خارج ہونے والے پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کیا جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد افنان،ڈاکٹر عبد الحمید، آصف اعجاز، شیخ عبد القیوم، ڈاکٹر محمد حسن، محمد نعیم، امجدصدیق،نعمان سیفی،پارک اینڈ ہارٹیکلچرلاہورسے عادل خان،پاکستان ٹیلی کمیونیکشین سے محمد صفدر، سوشل ویلفیئر سے محمد عابد، سپیشل برانچ لاہور سے سیّد سبطین حسن اورلوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ سے ناصر آغا ودیگر محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن