پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے توشہ خانہ اپیل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ حارث ایڈووکیٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کردی گئی۔ قانونی ٹیم کی جانب سے دائر درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا گیا۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینے کی استدعا کی گئی۔درخواست میں کہا گیا کہ جج ہمایوں دلاور کیس کے قابل سماعت ہونے پراپنا مائنڈ دے چکے ہیں۔توشہ خانہ کیس دوبارہ قابل سماعت کا معاملہ جج ہمایوں دلاور کو نہیں بھیجا جاسکتا۔پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس دوبارہ سننے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں اس بات پر تحفظات ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس واپس اسی جج کو بھیجا جس نے پہلے بھی ہمارے خلاف فیصلہ دیا تھا۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے،سیشن جج نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تو یہ قانون کے مطابق نہیں ہوگا۔عدالت نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دیا تو ہم حتمی دلائل کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔