ٹورنٹو(آئی این پی )معروف کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون کی بہن نے گلوکارہ کی صحت سے متعلق تفصیلات بیان کردیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 55 سالہ سیلین ڈیون کو پچھلے سال اِسٹف پرسن سنڈروم (اعصابی بیماری) کی تشخیص ہوئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے اپنا ورلڈ ٹور منسوخ کر دیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اب سیلین ڈیون کی 74 سالہ بڑی بہن کلاڈیٹ ڈیون نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہماری فیملی اب تک ایسی دوا ڈھونڈنے میں ناکام ہے جو گلوکارہ کا علاج کرسکے تاہم امید رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ایک اور بہن اب اپنے 3 بچوں کے ساتھ سیلین ڈیون کے گھر ہی منتقل ہوچکی ہیں، میں نے سیلین سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی تو وہ مصروف تھی جس پر دوسری بہن نے بتایا کہ وہ سخت محنت اور کوشش کر رہی ہے۔ کلاڈیٹ ڈیون نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ سیلین ڈیون اس بیماری کے حوالے سے مشہور و معروف تحقیق کرنے والوں کو بھی سن رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلین ڈیون کا ورلڈ ٹور منسوخ کرنے کا فیصلہ درست تھا، انہیں آرام کی ضرورت ہے، وہ ہمیشہ اپنے پیشے میں بہترین اور سرفہرست رہنے کی کوشش کرتی ہے۔ سیلین ڈیون کی بڑی بہن کلاڈیٹ ڈیون نے مزید کہا کہ ایک موقع پر آپ کا دل اور آپ کا جسم آپ کو کچھ بتانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں جسے سننا ضروری ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر دسمبر 2022 میں اپنی صحت سے متعلق معلومات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے ورلڈ ٹور منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اپنی صحت اور طاقت کو بحال کرنے کے لیے بہت محنت کر رہی ہیں۔ گلوکارہ نے مداحوں کو بتایا تھا کہ مکمل صحت یابی پر بھی ٹور کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاپ اور راک گلوکارہ سیلین میری ڈیون(Cline Marie Dion) نے جب 1997 میں ریلیز ہونے والی رومانوی داستان پر مبنی معروف ہالی ووڈ فلمٹائٹینک کا گانا "Every Night In My Dreams" گایا تھا تو اس نے انہیں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔
معروف کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون کی صحت سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں
Aug 05, 2023 | 16:57