تل ابیب میں ترک سفارتخانے پر ڈرون کے ذریعے اسرائیلی جھنڈا لہرا دیا گیا، حالات کشیدہ

Aug 05, 2024 | 00:00

ویب ڈیسک

اسرائیل میں ترک سفارتخانے پر ڈورن کے ذریعے اسرائیلی پرچم لہرا دیا گیا، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان نئی سفارتی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔جمعے کے روز ترکیہ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر  یوم سوگ کا اعلان کیا تھا اور اپنے سفارتخانوں پر پرچم سرنگوں کیا تھا۔اسرائیل میں موجود ترک سفارتخانے پر ترک پرچم سرنگوں دیکھ کر ایک اسرائیلی شہری نے ڈرون کے ساتھ اسرائیلی پرچم باندھ کر ترک سفارت خانے کے اوپر لہرا دیا۔ترک میڈیا کے مطابق ڈرون کم و بیش 30 منٹ تک ترک سفارتخانے کے اوپر پرواز کرتا رہا۔ترکیہ کی جانب سے اس اقدام پر اسرائیل سے احتجاج کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین اور سفارتخانوں کو حاصل سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ترکیہ میں یوم سوگ منایا گیا اور اس حوالے سے تل ابیب میں قائم ترک سفارت خانے پر ترکیہ کا جھنڈا سرنگوں کیا گیا۔ترکیہ کے اس عمل پر اسرائیلی وزیر بن گویر نے کہا تھا کہ ترک سفیر اپنا جھنڈا مکمل طور پر اتار کر اپنے ملک واپس چلے جائیں. وزیر اعظم اور وزیرخارجہ ترک سفیرکو ملک سے بے دخل کریں۔

مزیدخبریں