لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پرپاکستان بھر میں سکولز کالجز اور یونیورسٹیز میں کرکٹ کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پورے ملک کے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز (بوائز و گرلز)کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز کرائی جائیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے مابین معاہدے ہو گئے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی خصوصی تقریب ہوئی۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی ، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد عثمان خان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر سپورٹس جاوید علی میمن نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کیا۔کہا کہ کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کیلئے تاریخ میں پہلی بار سنجیدہ کاوش کی گئی۔ انٹر سکولز انٹر کالجیٹ،انٹر یونیورسٹیز ٹورنامنٹس کے انعقاد سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔تمام ادارے ایک ساتھ ملکر ٹورنامنٹ کرائیں گے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے ۔وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا امید ہے کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ مضبوط ہو گی۔
پی سی بی :پاکستانی تعلیمی اداروں میں کرکٹ کو فروغ ‘ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا فیصلہ
Aug 05, 2024