لاہور( کامرس رپورٹر)چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اعجاز الرحمان نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے بزنس ٹو بزنس ای کامرس ماڈل کیلئے پورٹل بنانے کی تجویز پیش کرتے کہا بیشتر ممالک کئی سالوں سے اس پر عمل پیرا ہیں ۔ پورٹل پر پاکستانی مینو فیکچررز ، برآمد کنندگان اور قالینوں کے ملکی وغیرملکی خریداروں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ بغیر کسی رکاوٹ اور تاخیر کے کاروبارہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہاتھ سے بنے قالینوں کے معروف مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر صنعت کو درپیش مسائل اور ہنر مندوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دینے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعجاز الرحمان نے کہا ہمیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں تک رسائی کیلئے تمام دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔پاکستانی ہینڈمیڈ قالینوں کی مصنوعات کے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو ای کامرس کے بزنس ٹو بزنس ماڈل کو اپنانا ہوگا ۔