حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنرسند س ارشاد نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام اور ڈینگی مچھر کے خاتمہ کے لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تمام دفاتر کی صفائی ستھرائی بالخصوص دفاتر کی چھتوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہو اور نہ ہی ڈینگی مچھر کی افزائش ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور کو سرکاری دفاتر کے اچانک دورے کرتے ہوئے وہاں صفائی ستھرائی اور انسداد ڈینگی اقدامات کو چیک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمداللہ، سی ای او ہیلتھ، محکمہ صحت سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنے ٹارگٹس اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی ٹیمیں ان ڈور اور آئوٹ ڈورسرگرمیاں جاری رکھیں اور بالخصوص پبلک پارکوں، قبرستانوں اور دیگر عوامی اقدامات کی صفائی ستھرائی اور ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔