حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے کہا ہے کہ ملک وقوم کی خاطر قربانیاں دینے والے شہداء پر ہمیں فخر ہے اورانکی لازوال قربانیوں کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گذشتہ روز یہاں جمخانہ ہال میںیوم شہدائے پولیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہدائے پولیس کی فیملیز، معززین اور پولیس افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی پی او فیصل گلزار نے مزید کہا کہ ہر جگہ پر اچھے برے لوگ موجود ہوتے ہیں لیکن پولیس کے جن جوانوں نے ملک وقوم کے تحفظ کی خاطر جام شہادت نوش کیاوہ ہمارے سر کاجھومر ہیں۔ہم ان شہدائے پولیس کی فیملیز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ۔اس موقع پر شہدائے فیملیز کو کھانا بھی کھلایا گیا اور ان میں گفٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد اور ڈی پی او یادگارشہدائے پولیس پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر وہاںپر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی اور اس موقع پر شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ دوسری جانب سٹی پولیس نے شہر کے مقامی قبرستانوں میں مدفون شہداء پولیس کی قبروںپر پھولوںکی چادریں چڑھا کر وہاںپر انکے ایصال ثواب کے لئے دعائیں کیں۔
ملک وقوم کی خاطر قربانیاں دینے والے شہداء پر ہمیں فخر ہے: فیصل گلزار
Aug 05, 2024