یوم شہداء پولیس عقیدت و احترام سے منایاگیا، آئی جی پنجاب کی مہمان خصوصی شرکت 

Aug 05, 2024

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے گزشتہ روز یوم شہداء پولیس بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا۔پولیس شہدا ڈے کی مرکزی تقریب کا انعقاد پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ سمیت سینئر پولیس افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل شہدائے پولیس کے بچوں میں 65 لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔شہدا پولیس کے بچوں کی بائیسکلز سمیت دیگر تحائف سے حوصلہ افزائی کی گئی۔پروگرام میں شہدائے پولیس کے بچوں اور اہلخانہ نے شہدا کی یاد میں نظمیں اور ٹربیوٹ مضامین پیش کئے۔آئی جی نے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو شایان شان خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے بہادر جوان ہمارے اصل ہیروز ہیں۔  کوئی بھی شے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ پوری قوم پولیس کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔ چار اگست پولیس فورس کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

مزیدخبریں