لاہور(نامہ نگار) شہدائے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔یومِ شہدائے پولیس کے موقع پرتمام شہداء کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یوم شہدا ئے پولیس کے حوالے سے گز شتہ روزاپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا ہمارا ہر جوان شوق شہادت کے جذبے سے سرشار عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔ہمارے ان بہادر سپوتوں نے اپنے آج کو وطن ِ عزیز پر قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے۔لاہور پولیس کے333 شہداء نے اپنی جانیں مادر وطن پر نچھاور کیں۔ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے شہداء پاکستانی قوم کی شان ہیں۔ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ لاہور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ لاہور پولیس نے شہدا ء کے ورثا کی دیکھ بھال کو ہمیشہ اولیت دی ہے۔ لاہور پولیس شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے مسلسل سرگرم ِ عمل ہے۔ شہداء کی یادیں ہمارے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔آج کا دن شہداء کے خاندانوں کیساتھ تجدید ِعہد کا دن ہے۔محکمہ پولیس شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گا۔پولیس ہیروز کی گراں قدر قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔معاشرے میں قیامِ امن کے لئے پولیس کا کردارنہایت اہم ہے۔