لاہور (سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس کے دوران تنازعات میں الجھی الجزائر کی باکسر ایمان خلیف کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی لڑکی ہے، اس کی پرورش لڑکیوں کی طرح ہوئی اور فیملی کی ہر دستاویز میں وہ بطور لڑکی ہی درج ہے۔پیرس اولمپکس میں ایمان خلیف کے مقابل اطالوی باکسر کے باؤٹ سے 46 سیکنڈز میں دستبردار ہو جانے کے بعد سے الجزائر کی باکسر تنازع کا شکار ہے جس میں ان کی خواتین باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کی اہلیت موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔اس معاملے پر ایمان خلیف کے والد عمار خلیف نے فیملی کی دستاویزات بھی پیش کیں جس میں ایمان خلیف کی تاریخ پیدائش درج ہے اور ساتھ ان کا لڑکی ہونا تحریر ہے۔عمار خلیف کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی ایک لڑکی ہے، جس کی پرورش لڑکیوں کی طرح ہی ہوئی ہے۔ انہوں نے ایمان خلیف کو مضبوط اور بہادر ہونا سکھایا ہے۔عمار خلیف نے تنازعات کا سبب بننے والی اطالوی باکسر کے بارے میں کہا کہ اطالوی حریف ان کی بیٹی کو شکست نہ دے سکی کیوں کہ وہ کمزور اور ایمان خلیف مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا اگر اللہ نے چاہا تو ایمان خلیف الجزائر کیلئے گولڈ میڈل جیتے گی اور ملک کا پرچم بلند کرے گی ۔
میری بیٹی لڑکی ہے، اسکی پرورش لڑکیوں کی طرح ہوئی:والدایمان خلیف
Aug 05, 2024