لاہور (کلچرل رپورٹر)لاہور عجائب گھر کے زیرِ اہتمام لاہور کی تاریخی عمارات کی تصاویری نمائش کا افتتاحؒ کیا گیا ہے۔نمائش کا افتتاح لاہور میں چین کے کونسل جنرلژاؤ شیریں نے کیا۔ اس 7روزہ نمائش میں ڈیڑھ سو سے زائد عمارات کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔نمائش کا آغاز4اگست کو ہوا جو 12اگست کو اختتام پذیر ہو گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے کونسل جنرل نے تاریخی ورثے کی دیکھ بھال کی نمائش میں لاہور عجائب گھر کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے لاہور عجائب گھر کو خطے کی لاکھوں سال کی تاریخ کا امین بھی قرار دیا۔ لاہور عجائب گھر کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر نبیلہ عرفان نے میڈیا نے گفتگو کرتے ہوئے لاہور عجائب گھر کی انتظامیہ بالخصوص میوزیم ایجوکیٹرز کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا جو ورثے کی ترویج کیلئے کوشاں ہیں۔ لاہور عجائب گھر کی ٹیم خطے کی تاریخ و ثقافت کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔