امریکہ ،اردن اور کینیڈا   کی  اپنے شہریوں سے فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل  

 واشنگٹن / ٹورنٹو(آئی ا ین پی )امریکہ ،اردن اور  کینیڈا  نے  مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اپنے شہریوں سے کسی بھی دستیاب ٹکٹ پر فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل کردی ہے۔  برطانوی میڈیا  کے مطابق یہ ایڈوائزری برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی کی اسی طرح کی انتباہ کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ علاقائی صورتحال تیزی سے خراب ہو سکتی ہے۔ اردن کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے، جس میں لبنان میں رہنے والوں کو فوری طور پر وہاں سے نکلنے اور دوسرے شہریوں کو وہاں سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔ کینیڈا نے بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے سفر سے گریز کریں، کیونکہ خطے میں انتباہ کے بغیر صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ امریکی سفارت خانے نے  کہا کہ جو لوگ لبنان میں رہنے کا انتخاب کرتے ہیں انہیں ہنگامی منصوبے تیار کرنے اور طویل مدت کے لیے کسی جگہ پر پناہ لینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس کے علاوہ متعدد ایئر لائنز نے بھی اپنی پروازیں معطل اور منسوخ کر دی ہیں اور بہت سی پروازیں پہلے ہی مکمل بک ہوچکی ہیں لیکن لبنان چھوڑنے کے لیے تجارتی نقل و حمل کے اختیارات دستیاب ہیں۔ پینٹاگون نے کہا کہ وہ خطے میں اضافی جنگی جہاز اور لڑاکا طیارے تعینات کر رہا ہے تاکہ اسرائیل کو ایران اور اس کے پراکسیوں کے ممکنہ حملوں سے بچایا جا سکے۔ برطانیہ کے مطابق وہ کسی بھی انخلا میں مدد کے لیے اضافی فوجی اہلکار، قونصلر عملہ اور سرحدی فورس کے اہلکاروں کو بھیج رہا ہے، لیکن برطانوی شہریوں پر زور دیا کہ جب تک تجارتی پروازیں چل رہی ہیں، وہ لبنان چھوڑ دیں ۔ دو برطانوی فوجی جہاز پہلے ہی خطے میں موجود ہیں اور رائل ایئر فورس نے ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں کو اسٹینڈ بائی پر رکھا ہوا ہے۔ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ اس تنازع کا پورے خطے میں پھیلنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن