ٹرمپ کا کملا ہیرس کے ساتھ ٹی وی چینل پر مباحثے سے انکار

واشنگٹن+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ حریف اور نائب امریکی صدر کملا ہیرس سے امریکی ٹی وی چینل پر مباحثے سے راہ فرار اختیار کر لی۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کملا ہیرس کے جو بائیڈن کی جگہ لینے سے مباحثہ تمام ہوگیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان ستمبر میں امریکی نیوز چینل (اے بی سی نیوز) پر مباحثہ ہونا تھا اور اسے منسوخ کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے چینل کے خلاف ہتک کے مقدمے کو بھی جواز بنانے کی کوشش کی تاہم ہتک عزت کا مقدمہ مارچ میں دائرکیا گیا اور جو بائیڈن ٹرمپ مباحثہ مئی میں طے کیا گیا تھا۔ پرانا طے شدہ مباحثہ منسوخ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 ستمبر کو اپنی پسند کے چینل (فوکس نیوز) پر کملا ہیرس سے مباحثے کی دعوت قبول کر لی۔ تاہم اب ٹرمپ کی جانب سے طے شدہ مباحثے سے انکار پر کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اب خوفزدہ ہوکر طے شدہ مباحثے سے بھاگ رہے ہیں جس پر انہوں نے خود رضا مندی ظاہر کی تھی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کملا ہیرس کے بائیڈن کی جگہ لینے سے اے بی سی پر مباحثہ تمام ہو گیا، مزید کسی بھی مباحثہ کی ضرورت نہیں رہی۔ دوسری جانب کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ! امید ہے تم نظر ثانی کرو گے اور مباحثہ کے سٹیج پر مجھ سے ملو گے، اگر کہنے کیلئے کچھ ہے تو تم ضرور آؤ گے، تم نے خوفزدہ ہو کر مباحثے سے دوڑ لگائی۔

ای پیپر دی نیشن