مشرق و سطیٰ میں کشیدگی‘ امریکہ‘ مغربی ممالک سمیت سعودی عرب‘ اردن کا  بھی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا حکم  

دبئی (نیٹ نیوز) مشرق وسطیٰ میں تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال اور کشیدگی کے پیش نظر امریکہ و برطانیہ سمیت مغربی ممالک کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور اردن نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حماس کے پولیٹیکل سربراہ اسماعیل ہانیہ کے ایران میں قتل کے بعد ایران کے ساتھ ساتھ حماس اور حزب اﷲ نے اس قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا اور حال ہی میں امریکہ اور حزب اﷲ کی جانب سے ایک دوسرے پر راکٹ حملے کئے گئے۔ اکتوبر میں غزہ جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے ایران کی حمایت یافتہ لبنان کی تنظیم حزب اﷲ اور اسرائیلی فوج میں تقریباً روزانہ فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے اور حال ہی میں حزب اﷲ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے رات گئے اسرائیل کے شمال میں کئی راکٹ فائر کئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے 30 پروجیکٹائل داغے گئے جن میں سے بیشتر کو روک لیا گیا۔ حزب اﷲ اور حماس کی جانب سے بڑی فوجی کارروائیوں کے پیش نظر اسرائیل میں اس وقت ہائی الرٹ ہے اور خطے میں شدید تناؤ کی کیفیت ہے۔

ای پیپر دی نیشن