فوج سیاست میں نہیں آنا چاہتی تو کیوں گھسیٹ رہے ہیں: طاہر اشرفی 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے استحکام پاکستان علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تمام مدارس رجسٹرڈ ہیں، مدارس میں کوئی دہشت گردی نہیں ہوتی، اگر کوئی مدرسہ ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہے آپ ہمیں بتائیں ہم خود اسے بند کر دیں گے۔ پاکستان کے کسی مدرسے میں کوئی منفی سرگرمی نہیں ہو رہی، اگر کوئی ہوئی ہم خود اس کے خلاف کارروائی کریں گے،14 اگست کو تمام مدارس پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اگر اسرائیل پر حملہ کرتا ہے تو پاکستان او آئی سی کے ساتھ کھڑا ہے۔ او آئی سی میں جو فیصلہ کیا پاکستان اس کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں 9 مئی کے مجرموں کو سزا نہیں دے سکیں تمام سیاسی جماعتیں ملکر بات چیت کریں، اگر فوج سیاست میں نہیں آنا چاہتی تو ہم اس کو زبردستی کیوں گھسیٹ رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے محمود خان اچکزئی ہی سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کریں گے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر ہماری قانونی اور دینی جماعتوں کی مشاورت چل رہی ہے، سب کی متفقہ رائے سے جو بھی فیصلہ ہو گا اس پر عمل ہو گا۔ پاکستان کے تاجر اس ملک کی پروڈکٹ بنائو، یہودیوں نے معیشت کو جکڑا ہوا ہے۔ پوری دنیا میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن کو ہم نے چالیس سال پالا وہ ہمیں آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ پاکستانی اپنے پرچم کی حفاظت اور اس کی عزت کرنا جانتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن