راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے )در بارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی وروحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے اصلِ ایمان، جانِ ایمان، روحِ ایمان اور امت مسلمہ کا حوالہ حضور نبی کریم کی ذاتِ با برکات کے ساتھ عظیم تعلق، رشتہ اور نسبت ہے۔ کائنات کا سب سے زیادہ ادب کا مقام حضور نبی رحمت کا روضہِ مبارک ہے اور امتِ کا مضبوط اور قدیم عقیدہ ہے ہمارے آقا و مولا حیاتِ حقیقی کے ساتھ اس مقام پر رونق افروز ہیں۔ یہ عقیدہ نہایت اہم ہے کہ معراج النبی کے عظیم سفر پر حضور نبی کریم اپنے جسمِ مبارک و قلبِ اطہر کے ساتھ بنفسِ نفیس تشریف لے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی،افواجِ پاکستان کی سربلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آبا کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔