خیبر پی کے میں بدعنوانی کی شکایات، بانی پی ٹی آئی نے 3 رکنی جائزہ کمیٹی تشکیل دیدی

Aug 05, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) بانی پی ٹی آئی نے صوبائی وزیر شکیل خان کی جانب سے خیبر پی کے میں بدعنوانی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے حکومتی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی میں سابق گورنر شاہ فرمان، قاضی انور اور مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کو  شامل کیا گیا ہے، کمیٹی خیبرپی کے حکومت کے معاملات کا جائزہ لے گی اور بانی چیئرمین کو رپورٹ پیش کرے گی۔سابق گورنر شاہ فرمان نے بانی چیئرمین کی جانب سے کمیٹی بنائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین رکن کمیٹی بانی چیئرمین کی ہدایت پر بنائی گئی ہے اور جو ہدایات بانی چیئرمین نے جاری کی ہیں اسی ہدایات پر کام کیا جائے گا۔خیبرپی کے حکومت کی گورننس سے متعلق شکایات پر بانی پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپی کے بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر بدعنوانی اور گورننس سے متعلق کمیٹی قائم کردی ہے جس میں سابق گورنر شاہ فرمان، معاون خصوصی مصدق عباسی اور قاضی انور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  کمیٹی ارکان کو بانی پی ٹی آئی نے خود نامزد کیا ہے، کمیٹی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور تمام محکموں کی مانیٹرنگ بھی کرے گی۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کمیٹی وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سیالزمات کی تحقیقات کرے گی، الزام ثابت ہونے  پر متعلق وزیریا انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مزیدخبریں