لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ حقوق بشری کی جانب سے ہر سال دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کو ''بین الاقوامی اسلامی ایوارڈ برائے انسانی حقوق ''دیا جاتا ہے۔ دنیا بھر سے 47 افراد کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے بعد 6 افراد کو منتخب کرلیا جاتا ہے۔ غزہ میں جاری بمباری اور جارحیت کے خلاف مضبوط آواز اٹھانے، اہل فلسطین سے مالی تعاون اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سراج الحق کو بین الاقوامی اسلامی ایوارڈ برائے انسانی حقوق دیا گیا۔ تہران میں تقریب میں دنیا بھر سے اسلامی ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ حکومت ایران کے وزراء سمیت عدلیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی اس میں شریک تھے۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے، وہ عالم اسلام کے ہیرو تھے، آج سے عالم اسلام کے ہر ماں باپ کی خواہش ہو گی وہ اپنے بچوں کا نام اسماعیل ہانیہ رکھے۔ اسرائیل شکست کھاچکا ہے اور انسانی حقوق کے قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ ایران سمیت تمام اسلامی ممالک کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کریں اور اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔