اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے غیرملکی خبرایجنسی کے سوالات کے جوابات میں فوج کے ساتھ تعلقات برقرار نہ رکھنے کو بیوقوفی قرار دے دیا۔عمران خان کا کہنا تھاکہ فوج کے ساتھ بہترین تعلقات برقرار نہ رکھنا بیوقوفی ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ فوج کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ انتخابات میں ہماری اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت یا فوج سے عدالت کے باہر کوئی تصفیہ نہیں ہوگا۔عمران خان کا مزید کہنا تھاکہ امریکا کے خلاف کوئی رنجش نہیں، حکومت کے خاتمے کے بعد سے میری تنقید افراد کیخلاف رہی، فوج کے ادارے کے خلاف نہیں، فوجی قیادت کے بارے میں غلط فہمیوں کو پورے ادارے کے خلاف نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مخلوط حکومت سے ایسی کوئی بات چیت کرنیکا فائدہ نہیں، جو اصل قوت ہیں ان سے ہی بات کرنا زیادہ سودمند ہوگا۔ اگر آزادانہ اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اور میرے خلاف بوگس کیس ختم کیے جائیں تو فوج کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت، فوج سے تصفیہ نہیں ہوگا: بانی پی ٹی آئی
Aug 05, 2024