شہداء کو سلام ! دہشت گرد جاہل، مسلمان بھائیوں کو مارنا جہاد نہیں: علی امین گنڈا پور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سب سے پہلے امن و امان ہم نے قائم کرنا ہے، اپنی پولیس کو مزید مضبوط کریں گے، جب تک امن نہیں ہو گا ایک خوشحال صوبہ ممکن نہیں۔ ٹریفک چالان میں ایک فیصد شہداء کیلئے ہو گا اور20 فیصد پولیس ویلفیئر کو جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ شہداء کے بچے ہمارے بچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خزانے میں پیسے ہوں یا نہ ہوں امن وامان قائم کرنا ترجیح ہے، ہمارے جوان ملک کے اندر اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔ دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں یہ جہاد نہیں تمہاری جہالت ہے، دہشت گرد اپنی اصلاح کریں۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ آخری دہشت گرد تک ہم ان کا مقابلہ کریں گے، یہ جہادی نہیں جااہل ہیں جو اپنے لوگوں کو مارتے ہیں، اپنے مسلمان بھائیوں کو مارنا جہاد نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن