یوم استحصال کشمیر، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بن گیا: حاجی ریاض خان

اسلام آباد ( میگزین رپورٹ) سابق کونسلر، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن پی پی 16 حاجی محمد ریاض خان نے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ،بھا رتی سرکار نے جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم بنا دیا ،عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی صحافیوں کا داخلہ ممنوع کرنا ہیومن رائٹس کی کھلی خلاف ورزی ہے ، پاکستان نے ہر عالمی پلیٹ فارم پر مظلوم کشمیروں کیلئے آواز اٹھائی اور انشاء اللہ پاکستان مقدمہ کشمیر پیش کرتا رہے گا ۔ ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ کے زیر اہتمام ایم این اے حنیف عباسی کی قیادت یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقاریب اور ریلیاں ہونگی، ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ نے مسجد نبویؐ میں کشمیروں اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعا ئوں کی شمع روشن کی۔ ایک سوال پر لیگی رہنما نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے یوم آزادی کے عدیم المثال موقع پر سولر پینل کی سستی سکیم کو حتمی شکل دے دی ،200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین 14 اگست سے مفت سولر پینل حاصل کر سکیں گے، 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے شہریوں کو 10 فیصد ادائیگی پر سولر مل سکیں گے، 90 فیصد رقم حکومت ادا کرے گی ،بلا سود ادائیگی پانچ سال میں بنکوں کے ذریعے ہو گی۔حاجی محمد ریاض خان نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بھر میں بیک وقت ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا، گلی محلوں کی صفائی کے ساتھ روزانہ سپرے بھی ہوگا،وزیراعلی ویسٹ مینجمنٹ سسٹم پائلٹ پراجیکٹ کی خود نگرانی کریں گی۔ عوامی وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں ایئر ایمبولینس کا وعدہ پورا کردکھایا۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن